مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دی گئی 5 اگست کی احتجاجی کال حکومت کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق حکومت کی بوکھلاہٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ عوامی ردعمل سے خائف ہے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا’’حکومت جانتی ہے کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، اسی لیے پی ٹی آئی کے اہل امیدواروں کو نااہل قرار دیا جا رہا ہے۔ جنہیں نااہل کیا گیا، ان کا واحد قصور یہ تھا کہ وہ فارم 45 پر جیتے تھے۔‘‘
فارم 47 کی سازش کا الزام
مشیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ حکومت اور اس کی پشت پناہی میں کام کرنے والے عناصر فارم 47 کے ذریعے اپنے من پسند نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات جمہوریت اور شفاف انتخابی عمل کی نفی ہیں۔
الیکشن کمیشن حکومت کی بی ٹیم بن چکا ہے
بیرسٹر سیف نے الیکشن کمیشن کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا’’الیکشن کمیشن غیر جانبدار ادارہ بننے کے بجائے حکومت کی بی ٹیم کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔‘‘
عوامی جوش و خروش کا دعویٰ
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے عوام پرجوش ہیں اور ’’اب حکومت مزید اس جدوجہد کو دبانے کے قابل نہیں رہی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ’’یہ احتجاج صرف پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ عوام کے حقیقی مینڈیٹ اور آئینی حقوق کی بحالی کی تحریک ہے۔