ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز، بھارت کا پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے انکار

برمنگھم میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ایک نیا تنازع کا شکار ہو گئی ہے جہاں بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سابق بھارتی کپتان شیکھر دھون نے میڈیا سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی ٹیم اپنے فیصلے پر قائم ہے اور پاکستان کے خلاف میدان میں نہیں اترے گی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل 31 جولائی کو برمنگھم میں طے تھا جو کہ شائقین کرکٹ کے لیے ایک انتہائی دلچسپ اور جذباتی مقابلہ ثابت ہو سکتا تھا تاہم بھارت کی دستبرداری کے بعد امکان ہے کہ پاکستان بغیر کھیلے ہی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

اس صورتحال نے نہ صرف ٹورنامنٹ کے توازن کو متاثر کیا ہے بلکہ اس تاریخی حریفانہ مقابلے کے منتظر شائقین کو بھی مایوس کر دیا ہے۔

بھارت نے سیمی فائنل میں جگہ اس وقت بنائی جب اس نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو ایک اہم میچ میں شکست دی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بھارت کو 145 رنز کا ہدف دیا تھاجسے بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس فتح نے نہ صرف بھارت کو آخری سیمی فائنلسٹ ٹیم بنایا بلکہ ان کا رن ریٹ بھی بہتر ہو گیا۔

دوسری جانب پاکستان چیمپئنز نے اپنے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو دس وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست پوزیشن حاصل کی۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے تھے یوں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن منتخب کرلیا

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرا پہلے ہی منسوخ کر دیا گیا تھاکیونکہ بھارتی کھلاڑیوں نے اس وقت بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا تھا۔

Scroll to Top