سوات(ظفرعلی شاہ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملاکنڈ نے جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا جس میں مجموعی کامیابی کی شرح انتہائی متاثرکن رہی۔
نتائج کے مطابق حراء سکول اینڈ کالج، درگئی کی طالبہ ثمن وہاب نے رول نمبر 433312 کے تحت 1169 نمبر حاصل کرکے پورے بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن پمز سکول اینڈ گرلز کالج، بیاری کی طالبہ کومل محبوب قاضی نے حاصل کی، جنہوں نے رول نمبر 430058 کے تحت 1165 نمبر حاصل کیے۔
تیسری پوزیشن پانچ طلبہ و طالبات نے مشترکہ طور پر حاصل کی جنہوں نے 1155 نمبر لیے۔
نتائج کے مطابق جماعت نہم میں کل 60,393 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 48,133 کامیاب قرار پائے یوں کامیابی کی شرح 79.07 فیصد رہی۔
جماعت دہم میں 56,591 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 53,995 طلبہ کامیاب ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 95.41 فیصد رہا۔
جماعت نہم میں سائنس گروپ کے 54,832 امیدواروں میں سے 44,074 کامیاب ہوئے جبکہ آرٹس گروپ میں 5,561 طلبہ میں سے 4,059 کامیاب ہوئے۔
جماعت دہم میں سائنس گروپ کے نتائج سب سے نمایاں رہے جہاں 51,105 طلبہ میں سے 49,063 کامیاب ہوئے اور کامیابی کی شرح 96 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
دہم کے آرٹس گروپ میں 5,486 میں سے 4,932 طلبہ کامیاب قرار پائے جس کے تحت کامیابی کی شرح 89.09 فیصد رہی۔





