وفاقی کابینہ نے AI پالیسی 2025 اورحج پالیسی 2026 کی منظوری دیدی

اسلام آباد(مہوش قماس خان) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی اور بین الاقوامی امور پر اہم گفتگو کے ساتھ ساتھ متعدد پالیسی فیصلے بھی کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی اندرونی کہانی میں دلچسپ لمحات اس وقت دیکھنے میں آئے جب وزیراعظم نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت اور نریندر مودی سے متعلق بیانات کا ذکر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی حکومت سے متعلق اب تک 29 مرتبہ مختلف بیانات دیے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے دلچسپ انداز میں کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ مودی دے سینے تے ٹھیک مونگ دل ریا اے۔ وزیراعظم کے اس جملے پر کابینہ ارکان قہقہے لگاتے رہے اور اجلاس کا ماحول خوشگوار ہو گیا۔

وزیراعظم نے بھارتی پارلیمنٹ میں نریندر مودی کے حالیہ خطاب اور اس پر اپوزیشن کے سخت ردعمل پر بھی بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کو خود اس کی اپوزیشن آڑے ہاتھوں لے رہی ہے جو بھارتی جمہوریت کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مثبت پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جبکہ مودی حکومت سفارتی تنہائی کا شکار ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ملک بھر میں جاری بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں ریلیف اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کی۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں سات نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے خلیجی ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی، جبکہ نیشنل آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) پالیسی 2025 کی بھی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں انسداد منشیات انسپکٹر کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا اور حج پالیسی 2026 کو بعض ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے سابقہ اجلاسوں ( 17 اور 25 جولائی) میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کر دی گئی۔

Scroll to Top