محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی گاڑیوں کی تفصیلات طلب، حقائق چھپانے پر کارروائی ہوگی

خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے محکمہ تعلیم اور اس کے تمام ذیلی اداروں سے فوری طور پر سرکاری و غیر سرکاری استعمال میں موجود گاڑیوں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

انہوں نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ جن اہلکاروں کو گاڑیاں الاٹ کی گئی ہیں ان کے نام اور الاٹمنٹ کے دورانیے سمیت مکمل ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ وہ اہلکار جنہیں سرکاری پالیسی کے مطابق گاڑی رکھنے کی اجازت نہیں، ان سے فوری طور پر گاڑیاں واپس لی جائیں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ محکمے کے زیر استعمال تمام گاڑیوں کی فہرست کے ساتھ ساتھ ان پر آنے والے پیٹرول اور مرمت کے اخراجات کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

وزیر تعلیم نے نشاندہی کی کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ گاڑیوں کے علاوہ کسی بھی شراکت دار ادارے یا پراجیکٹ کے تحت فراہم کی جانے والی گاڑیوں کا ریکارڈ بھی جمع کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم اور اس کے تمام ذیلی اداروں میں گاڑیوں کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : بغیر انٹرنیٹ کے چلنے والی واٹس ایپ کی طرح نئی ایپ متعارف

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی ادارے نے گاڑیوں کی تفصیلات میں دانستہ طور پر غلط بیانی کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Scroll to Top