خیبر پختونخوا ایپکس کمیٹی کا اجلاس، ضم اضلاع میں امن و امان کا جائزہ لیاگیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات ، کورکمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

خصوصی دعوت پر ضلع باجوڑ، خیبر اور شمالی وزیرستان کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران نے بھی اجلاس میں حصہ لیا۔

اجلاس میں صوبے خصوصاً ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام نے موجودہ سکیورٹی چیلنجز کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔

شرکاء نے دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سویلینز، پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور دہشتگردی کے خلاف مل جل کر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کاروائیوں میں عوامی اعتماد کو بڑھانے کے لئے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

علاوہ ازیں سول انتظامیہ، پولیس، سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔

ایپکس کمیٹی نے کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور بن چکا ہے جس کے مستقل خاتمے کے لئے حکومت، عوام اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور یونیورسٹی ملازمین کا مالی و انتظامی بحران پرانتظامیہ کو خط، احتجاج کی دھمکی

دہشتگرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں اور سب کا مشترکہ مقصد دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہے۔

Scroll to Top