جنوبی وزیر ستان کے مختلف علاقوں میں آج کرفیو نافذ ، نوٹیفکیشن جاری

جنوبی وزیرستان لوئر (شکئی، برمل) اور ٹانک (جنڈولہ) میں 31 جولائی کو مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان

وانا(نورعلی )جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل شکئی اور تحصیل برمل میں جبکہ ضلع ٹانک کے سابقہ نیم قبائلی علاقے سب ڈویژن جنڈولہ میںسیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 31 جولائی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ رہے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشنز کے مطابق تحصیل برمل اور شکئی (جنوبی وزیرستان لوئر) اور سب ڈویژن جنڈولہ (ضلع ٹانک) میں کرفیو کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

اس دوران تمام بازار اور مارکیٹس بند رہیں گے جبکہ عوام کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جنوبی وزیرستان میں رغزئی بازار سمیت اہم علاقوں کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیے جائیں گے۔ شکئی، انزر چینہ، وانا، تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک اور درگئی پل کے درمیان آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسی طرح ضلع ٹانک کے جنڈولہ بازار سے جنوبی وزیرستان اپر جانے والے تمام راستے بند رہیں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صرف ایمرجنسی کی صورت میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی باقاعدہ اجازت، قومی شناختی کارڈ اور متعلقہ کاغذات جمع کروانے کے بعد سفر کی مشروط اجازت دی جائے گی۔

عوام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھتے ہی اپنی گاڑی کو کم از کم 100 میٹر کے فاصلے پر سڑک سے نیچے اتار لیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top