اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہریار آفریدی نے پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے اختلافات اور منافق عناصر پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔
نجی ٹی وی سما کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایسے لوگ موجود ہیں جو پارٹی کے بانی کی جڑیں کاٹ رہے ہیں اور پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہ لوگ کہاں ہیں جو ماضی میں بانی کے قدموں میں سر رکھ کر وفاداری کا اظہار کرتے تھے، آج وہ باہر جا کر پارٹی کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ یہ منافق چہرے پارٹی کو اندر سے کمزور کر رہے ہیں اور ایسے عناصر پارٹی کی سالمیت اور اتحاد کے لیے خطرہ ہیں۔
شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ پارٹی کے اندرونی مسائل کی جڑ ان عناصر کی دوغلی سیاست ہے جو تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ساتھ مخلص نہیں ہیں۔
انہوں نے فیصلہ سازوں سے اپیل کی کہ ملک اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے بارے میں سوچیں اور اپنی سیاسی اختلافات کو کم کریں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی ضرورت امن ہے،حافظ نعیم الرحمن
انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی اپنی سیاست بچانے کے لیے کوئی بھی حرکت کر سکتا ہے، اس لیے پاکستان کو بھی متحد ہو کر اپنے مفادات کا دفاع کرنا ہوگا۔
شہریار آفریدی نے آخر میں کہا کہ بڑے لوگ وہی ہوتے ہیں جن کے دل بڑے ہوتے ہیں اور عمران خان سے بات چیت کر کے سیاسی مسائل حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔