گیس کے گھریلو کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد :پیٹرولیم ڈویژن نے گھریلو سطح پر گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا ہےکہ پابندی کے خاتمے سے متعلق سمری متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے جس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے صارفین کو درآمدی گیس پر مبنی کنکشن فراہم کیے جائیں گے جس کی فیس روایتی قدرتی گیس کنکشن سے کہیں زیادہ ہو گی۔

ابتدائی تخمینے کے مطابق درآمدی گیس کنکشن کی فیس 41 ہزار روپے تک رکھی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پابندی کے خاتمے کا مقصد ان صارفین کو ریلیف دینا ہے جو طویل عرصے سے نئے کنکشن کے منتظر ہیں، تاہم انہیں اب مقامی گیس کے بجائے مہنگی درآمدی گیس پر منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 2019 میں گیس کی قلت کے پیش نظر ملک بھر میں نئے گیس کنکشنز پر پابندی عائد کی تھی۔

Scroll to Top