پشاور :یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار کی بہتری اور کردار سازی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کے دوران کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ جامعات کا کردار صرف تعلیم کی فراہمی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ طلبہ کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی بھی اتنی ہی اہم ہے۔
گورنر نے یو ای ٹی پشاور کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف ٹیکنیکل تعلیم کے میدان میں نمایاں کام کر رہا ہے بلکہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ اور اخلاقی تربیت میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یو ای ٹی پشاور مستقبل میں بھی نوجوان نسل کو قومی ترقی کے لیے تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔