خیبرپختونخوا میں معدے کی بیماریوں کے کیسز کی تفصیلی رپورٹ سامنے آگئی

پشاور :صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں معدے کے امراض میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

انٹی گریٹڈ ڈیزیز سرولنس اینڈ رسپانس سسٹم کی تازہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 21 سے 27 جولائی کے دوران صوبے بھر میں 50,765 معدے کی بیماریوں کے کیسز رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی عرصے میں سانس کی بیماریوں کے 5,482 کیسز، مچھروں سے پھیلنے والی ویکٹر بیماریوں کے 7,530 کیسز، جبکہ جانوروں سے پھیلنے والی زونوٹک بیماریوں کے 938 مشتبہ کیسز سامنے آئے۔

معدے اور سانس کی بیماریوں کی سب سے زیادہ تعداد پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور سوات سے رپورٹ ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی مشرق نیوز کے مطابق کانگو اور ڈینگی جیسی مہلک بیماریوں پر خصوصی نگرانی جاری ہے، تاہم اس ہفتے ان میں کسی قسم کا نمایاں اضافہ نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : خاتون ڈاکٹر نے مرحوم بیٹے کے گردے عطیہ کرکے دو زندگیاں بچا لیں

صوبے کے پانچ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹس میں تربیتی سیشن بھی منعقد کیے گئے ہیں تاکہ ہسپتالوں کی استعداد بہتر بنائی جا سکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 50 فیصد سے زائد اضلاع نے بروقت ڈیٹا فراہم کیا، تاہم اورکزئی، کرم اور جنوبی وزیرستان میں رپورٹنگ کی شرح کم رہی۔

Scroll to Top