مہمند :امن و امان گرینڈ جرگہ، عوام نے غیر ریاستی عناصر سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا

مہمند :(محمد شعیب مہمند )کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت قبائلی ضلع مہمند میں گرینڈ جرگہ اور کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں کمانڈنٹ مہمند رائفلز، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ہیلتھ اور ایجوکیشن کے حکام سمیت بلدیاتی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں قبائلی عوام نے غیر ریاستی عناصر سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حکومت اور انتظامیہ سے تعاون کا عہد کیا۔ کمشنر نے قبائلی علاقوں میں جرگہ سسٹم کو مضبوط بنانے اور انتظامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا۔

اجلاس میں اسکولوں اور صحت مراکز میں عملے کی کمی کو فوری پورا کرنے، بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے، کڑپہ روڈ کے بقیہ تین کلومیٹر کی جلد تعمیر، لوڈشیڈنگ میں کمی، نشے کے عادی نوجوانوں کا علاج، سرحدی تنازعات کا پائیدار حل اور معدنیات کی رائلٹی کی ادائیگی جیسے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اسی طرح ضلع مہمند کے سرکاری دفاتر میں صرف مقامی نوجوانوں کو بھرتی کرنے اور شناختی کارڈ کی تصدیق کے لیے قبائلی ملکان کو اختیار دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

نشے کے عادی نوجوانوں کو بحالی مراکز منتقل کرنے اور خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایات دی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ:تحصیل ماموند کےتمام تعلیمی ادارے 8 اگست تک بند کرنے کا فیصلہ

کمشنر ریاض خان محسود نے کہا کہ قبائلی عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے، جو امن کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرگہ سسٹم کو مزید موثر بنایا جائے گا اور انضمام کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ کمیٹیاں فعال کام کر رہی ہیں۔

اس موقع پر کمشنر نے شجر کاری مہم کا افتتاح کیا اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔ قبائلی عوام نے انہیں روایتی لنگی اور پگھڑی پہنائی اور تحائف پیش کیے۔

Scroll to Top