اسلام آباد: وفاقی حکومت کی ہدایت پر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے ملک بھر میں اپنا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت تمام اسٹورز پر اشیائے خورونوش اور دیگر سامان کی خرید و فروخت کا عمل جمعرات سے معطل کر دیا گیا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے تمام زونل مینیجرز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ اسٹورز پر موجود سامان ویئر ہاؤسز میں منتقل کر دیا جائے، جب کہ بعض اشیا واپس سپلائرز کو بھیج دی جائیں۔
ذرائع کے مطابق ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی آپریشن بند کرنے کی باقاعدہ توثیق کرتے ہوئے تمام تجارتی سرگرمیوں کو روکنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے سے ادارے کے ہزاروں ملازمین کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہمند :امن و امان گرینڈ جرگہ، عوام نے غیر ریاستی عناصر سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے تمام ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک پیکج دیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ کی ایک کمیٹی کام کر رہی ہے تاہم ملازمین کے احتجاج کے باعث حتمی فیصلہ تاحال مؤخر ہے۔
واضح رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا قیام عوام کو سبسڈی پر اشیائے خورونوش فراہم کرنے کے مقصد سے عمل میں آیا تھا، تاہم گزشتہ چند سالوں سے ادارہ شدید مالی بحران کا شکار تھا اور متعدد اسٹورز خسارے میں چل رہے تھے۔