پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور عالمی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی نے اعلان کیا ہے کہ اگلے سال پاکستان میں بین الاقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹینس لیگ کا انعقاد کیا جائے گا، اس بڑے منصوبے کی تکمیل کیلئے سرکاری اور نجی سپانسرز بھرپور مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
اعصام الحق نے کہا کہ پاکستان میں ٹینس کے فروغ کیلئے وہ اور ان کی ٹیم دن رات محنت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران فیڈریشن نے ٹینس کی ترقی کیلئے کئی عملی اقدامات کیے جن میں انٹرنیشنل ٹورز، ٹورنامنٹس کی تعداد میں اضافہ، اور انعامی رقم میں نمایاں بہتری شامل ہے۔
اعصام الحق نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی سہولت کیلئے جدید جم، لاکر رومز، شاورز، اور ایئر کنڈیشنڈ کمرے تعمیر کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ، فیڈریشن نے پائیدار توانائی کے فروغ کیلئے سولر پینلز بھی نصب کرائے ہیں تاکہ سہولیات کا تسلسل برقرار رہے۔
اعصام الحق کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کیلئے انہیں بیرونِ ملک بھی بھیجا جا رہا ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان کے تین کھلاڑی حال ہی میں انڈر-19 ایشین ٹائٹل جیت کر واپس آئے ہیں۔
ٹٰنس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹینس تاریخ میں پہلی بار فیڈریشن نے امریکی کوچ اور ٹرینر کی خدمات حاصل کی ہیں، تاکہ کھلاڑیوں کو جدید تکنیکی تربیت دی جا سکے۔
اعصام الحق کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کے فیز ٹو منصوبے کے تحت وفاقی وزیر محسن نقوی اور سی ڈی اے کے تعاون سے ٹینس کورٹس کو کور کرنے کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بارش اور گرمی کے باعث اکثر میچ متاثر ہوتے ہیں لیکن کورٹس کور ہونے کے بعد یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی
اعصام الحق نے اُمید ظاہر کی کہ جب پاکستان میں عالمی معیار کا انفراسٹرکچر مکمل ہو جائے گا تو ہمیں زیادہ تعداد میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کا موقع ملے گا جس سے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا بلکہ ٹینس کا معیار بھی بلند ہوگا۔