شہدائے وطن کو سلام، سانحہ لسبیلہ کو تین سال بیت گئے

شہدائے وطن کو سلام، سانحہ لسبیلہ کو تین سال بیت گئے

بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے کو آج تین سال مکمل ہو گئے، یکم اگست 2022 کو پیش آنے والے سانحے میں فوج کے چھ جانباز شہید ہوئے، تیسری برسی پر قوم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

پاک فوج کی تاریخ قربانی، خدمت اور وفاداری کی بے شمار مثالوں سے بھری ہوئی ہے، چاہے جنگ کا میدان ہو یا قدرتی آفات کی تباہ کاریاں، پاک فوج ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران بھی فوج نے بھرپور انداز میں امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔

یکم اگست 2022 کو لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید نے ذاتی طور پر بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ امدادی کارروائیوں کا جائزہ لے کر ان میں مزید بہتری لائی جا سکے، وہ اس ریسکیو مشن کی خود قیادت کر رہے تھے۔

خراب موسم کے باعث پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں حادثے کا شکار ہو گیا جس میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ اور نائیک مدثر فیاض شہید ہو گئے، بریگیڈیئر امجد حنیف (شہید) کو حادثے سے قبل ہی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی جا چکی تھی۔

یہ المیہ پوری قوم کے لیے صدمہ انگیز تھا ہر آنکھ اشک بار اور پورا ملک کئی دن تک سوگوار رہا، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک نہایت پروفیشنل اور فرض شناس افسر تھے جنہیں نومبر 2020 میں تھری اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی اور دسمبر 2020 میں انہیں کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے خلاف نو مئی مقدمات کا ایک اور بڑا فیصلہ آگیا

پاک فوج نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ وہ قوم کی ہر مشکل گھڑی میں سینہ سپر رہتی ہے اور عوام کی خدمت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی، آج ان عظیم سپوتوں کی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ وطن کے تحفظ اور خدمت کے لیے جان دینا ہی اصل فخر ہے، قوم اپنے ان شہیدوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

Scroll to Top