ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور موثر جواب دیا ہے اور مستقبل میں بھی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت آپریشن مہادیو کے نام پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو کہ نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں اور اہداف کو نشانہ بنا کر کامیاب دفاعی حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کہا بھارت اپنے سٹریٹجک اہداف حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے اور بھارتی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ اپنے نقصانات کو تسلیم کریں اور کسی تیسرے فریق کی شفاف تحقیقات کی ضرورت کو بھی تسلیم کریں۔
شفقت علی خان نے مزید کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کے حملے میں متعدد معصوم شہری شہید ہوئے جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، مگر بھارت نے اسے مسترد کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اپنایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی رہنماؤں کے الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ یہ بیانات صرف حقائق کو مسخ کرنے اور بھارتی جارحیت کو جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے، پاکستان نے بھارتی لوک سبھا میں آپریشن سندور سے متعلق بیانات کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی تبدیلیوں کے باوجود پاک چین دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے، فیلڈ مارشل
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن اگر پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔