دنیا بھر میں سام سنگ کے اسمارٹ ٹی ویز کو درپیش اچانک تکنیکی مسئلے کے بعد اب بیشتر صارفین کے لیے سروسز بحال ہو چکی ہیں، تاہم اس بڑے تعطل کی اصل وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی۔
گزشتہ روز (جمعرات) کودنیا کے مختلف خطوں سے ہزاروں صارفین نے سوشل میڈیا، ریڈٹ، اور سام سنگ کے آفیشل فورمز پر شکایت کی کہ ان کے اسمارٹ ٹی وی پر معروف ایپس جیسے یوٹیوب، ایپل ٹی وی اور ہولو کام نہیں کر رہیں۔
متاثرہ صارفین کے مطابق ایپس مینو میں تو موجود تھیں، مگر انہیں کھولنے کی کوشش پر مختلف خرابی کے پیغامات موصول ہو رہے تھے، جن میں سرور کی مرمت جاری ہے، انٹرنیٹ منقطع ہے یا تصدیق میں مسئلہ ہے جیسے پیغامات شامل تھے۔
کئی صارفین کے مطابق نیٹ فلیکس ان مسائل سے متاثر نہیں ہواجس کی ممکنہ وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ نیٹ فلیکس اپنا ذاتی کنٹینٹ ڈلیوری نیٹ ورک (CDN) استعمال کرتا ہے، جو اسے دیگر پلیٹ فارمز سے کم متاثر بناتا ہے۔
سام سنگ کی جانب سے اس خلل پر کوئی باقاعدہ بیان تاحال جاری نہیں کیا گیاتاہم ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ کمپنی کے کسٹمر سپورٹ نمائندے نے انہیں بتایا کہ سام سنگ کو اپنے اسمارٹ ٹی وی سروسز میں ممکنہ بندش کا علم ہے، اور انجینئرز مسئلے کے حل پر کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بدامنی پختون قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے، نثار باز
اب بیشتر مقامات پر سام سنگ ٹی وی کی ایپس اور فیچرز معمول کے مطابق کام کرنے لگے ہیں، لیکن صارفین کمپنی سے اس عالمی خلل کی تفصیلی وضاحت کے منتظر ہیں۔