اسلام آباد: گزشتہ سال حج کے لیے پیسے جمع کرانے کے باوجود سفر سے محروم رہنے والے عازمین کے لیے خوشخبری آ گئی ہے، اب وہ بغیر کسی اضافی ادائیگی کے اسی رقم اور پیکج پر آئندہ برس حج کر سکیں گے۔
نجی ٹی وی سما ء کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے وزارت مذہبی امور کو یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ عازمین سے اضافی رقم نہیں لی جائے گی۔
سعودی عرب کے بینک وائلٹ میں ان پاکستانی عازمین کے تقریباً 490 ملین ریال موجود ہیں۔
گزشتہ سال پرائیویٹ حج آپریٹرز کو دئیے گئےکوٹے پر مکمل بکنگ نہ ہونے کے باعث 26 ہزار سے زائد افراد حج سے محروم رہ گئے تھے حالانکہ انہوں نے مکمل ادائیگیاں کر رکھی تھیں۔