جنوبی وزیرستان لوئر،تحصیل برمل میں 2 اگست کو مکمل کرفیو نافذ

وانا (نورعلی )جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 2 اگست 2025 بروز ہفتہ صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جبکہ تمام بازار، تجارتی مراکز، دکانیں اور دیگر عوامی مقامات بند رہیں گے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ خمرنگ تا زم چینہ اور نارائی تا انگور اڈہ کے علاقوں میں شہریوں کا داخلہ سختی سے ممنوع ہوگا۔

کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں سفر کی اجازت صرف سیکیورٹی فورسز یا پولیس کی پیشگی منظوری کے بعد دی جائے گی جس کے لیے شناختی کارڈ اور متعلقہ دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کی آمد کے دوران اپنی گاڑیوں کو سڑک سے کم از کم 100 میٹر کے فاصلے پر نیچے اتار لیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : گذشتہ سال پیسے جمع کرانے کے باوجود حج سے محروم عازمین کیلئے خوشخبری

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کی بہتری کے لیے جاری اقدامات میں تعاون کرتے ہوئے جاری کردہ تمام ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top