پی ٹی آئی نے قومی ایئرلائن کو نقصان پہنچایا، ہم نے بحالی کی راہ ہموار کی، عطا تارڑ

عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی ناکامی کے راز بے نقاب کر دیے

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے اپوزیشن کی حالیہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے اعلامیے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب حکومت ان کے ہاتھ میں آئی تو ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا، جبکہ تحریک انصاف کے رہنما پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کر رہے تھے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ آج زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے، اور پاکستان کی ترقی تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ہضم نہیں ہو رہی۔

انہوں نے وزیراعظم کی معاشی اصلاحات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم کیا گیا اور اسٹاک ایکسچینج ہر روز نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف تنقید برائے تنقید کرتی ہے جبکہ حکومت کی پالیسیاں معیشت کو درست سمت میں گامزن کر رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے اپوزیشن رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کے خاندانی اثاثوں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کو اپنے خاندانی اثاثوں کے بارے میں وضاحت دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جسے اپوزیشن کے عناصر ناکام بنائیں گے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس عوام کو دینے کو کچھ نہیں اور وہ صرف تنقید کرنا جانتے ہیں۔ ان کے بقول اپوزیشن کی پریس کانفرنس بھی ناکام رہی اور ان کے لیڈر نے 190 ملین پاؤنڈ کے میگا کرپشن اسکینڈل کا الزام عائد کیا، جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن اسکینڈل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور، گورنر خیبر پختونخوا کے ساتھ مل کر اے پی سی بلائیں، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دوست ملکوں سے تعلقات خراب کیے گئے اور ناقص پالیسیوں نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔

انہوں نے اپوزیشن پر پراپیگنڈے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کاش وہ ذاتی سیاست کی بجائے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے مل کر کام کرتے۔

انہوں نے 9 مئی کے واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں ملزمان کا شفاف ٹرائل ہوا اور فیصلے میرٹ پر ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے سانحہ کے ناقابل تردید شواہد کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حساس تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے کیے گئے۔

آخر میں عطاء تارڑ نے کہا کہ ناکامی پی ٹی آئی والوں کا مقدر ہے اور ملک ترقی کی راہ پر مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔

Scroll to Top