امن کیلئے سنجیدہ پیش رفت! گنڈاپور حکومت نے باجوڑ جرگہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں طلب کر لیا

امن کیلئے سنجیدہ پیش رفت! گنڈاپور حکومت نے باجوڑ جرگہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں طلب کر لیا

خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی کے سدباب اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قبائلی قیادت کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں آج وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں باجوڑ قبائلی جرگہ منعقد کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق، باجوڑ جرگہ خیبر اور اورکزئی کے بعد سلسلہ وار منعقد ہونے والے تیسرے جرگے کی کڑی ہے، جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کی تشکیل اور قبائلی عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ جرگے میں قبائلی عمائدین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد ان مقامی جرگوں کا انعقاد حکومت کے اس عزم کی عکاسی ہے کہ صوبے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان تمام مقامی جرگوں کے بعد ایک گرینڈ قبائلی جرگہ بلایا جائے گا جس میں امن کے قیام کے لیے متفقہ سفارشات مرتب کر کے متعلقہ اداروں اور فورمز کو پیش کی جائیں گی۔

مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع، جو افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں پر مشتمل ہیں، دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، لہٰذا افغانستان کے ساتھ بامقصد رابطہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا، لہٰذا تمام اقدامات میں عوامی شمولیت اور اعتماد کو بنیادی حیثیت دی جائے گی۔

Scroll to Top