جانشینی سرٹیفکیٹ کا حصول اب پہلے سے کہیں آسان، نادرا نے نیا طریقہ کار جاری کردیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا عمل مزید آسان کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اب ملک کے کسی بھی مقام سے درخواست دے سکتے ہیں قطع نظر اس کے کہ جائیداد کس صوبے میں واقع ہے۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق اب جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے درخواست دہندگان کو مخصوص صوبے یا مقام تک محدود رہنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ ملک بھر میں قائم 186 جانشینی سہولت مراکز پر یہ درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔

یہ مراکز اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان سمیت تمام ریجنز میں دستیاب ہیں، جہاں سے شہری اپنی بائیومیٹرک تصدیق بھی کرا سکتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ قانونی ورثا کی بائیومیٹرک تصدیق نادرا مراکز کے علاوہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی ممکن ہے جہاں یہ سہولت پہلے سے موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی میں فٹ بال گراؤنڈ میدان جنگ بن گیا

اس سے پہلے یہ سہولت صرف اسی صوبے تک محدود تھی جہاں متعلقہ جائیداد موجود ہو مگر اب نادرا ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تمام مراکز کو نئے طریقہ کار سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top