ریلی کے اختتام پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور غائب، کارکنوں کا غصہ پھوٹ پڑا

پشاور: پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریلی اس وقت تنازع کا شکار ہو گئی جب خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کارکنوں سے خطاب کیے بغیر ہی واپس چلے گئے۔

کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور قلعہ بالحصار کی جگہ ہشتنگری میں کچھ منٹ کے لئے رونما ہوئے اورپھر غائب ہوگئے ،

مرکزی ریلی حیات آباد ٹول پلازہ سے روانہ ہو کر مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی قلعہ بالا حصار پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے دوران شرکاء نے “ڈی چوک، ڈی چوک” کے نعرے لگائے اور متعدد بار وزیراعلیٰ کے قافلے کو روکنے کی کوشش بھی کی۔

ریلی کے اختتام پر متوقع تھا کہ وزیراعلیٰ کارکنوں سے خطاب کریں گے، تاہم انہوں نے بغیر کسی وضاحت یا حکمتِ عملی کے ریلی چھوڑ دی، جس پر کارکنان مشتعل ہو گئے اور خیبر روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

مشتعل کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہم ریلی میں شرکت کے لیے ساتھ آئے لیکن وزیراعلیٰ بغیر خطاب کیے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ میں پی ٹی آئی مظاہرہ بدنظمی کا شکار، کارکنان قیادت سے الجھ پڑے

ایک خاتون کارکن نے مطالبہ کیا کہ اگر وزیراعلیٰ صوبے کو نہیں سنبھال سکتے تو مستعفی ہو جائیں، جبکہ دیگر مظاہرین نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ پارٹی میں ایماندار افراد کو آگے لایا جائے۔

بعد ازاں مقامی قیادت کی مداخلت پر مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا اور احتجاج ختم کر دیا۔

Scroll to Top