اسلام آباد: سینئر صحافی اور تجزیہ کار منصور علی خان نے پاکستان تحریک انصاف کے حالیہ احتجاج کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ احتجاج ایک کھیل کی طرح ہے جس میں جیت یا ہار کا تعین ہوتا ہے، مگر تحریک انصاف کی کارکردگی اس بار انتہائی مایوس کن رہی۔
منصور علی خان نے واضح کیا کہ احتجاج کا مقصد واضح ہونا چاہیے اور مظاہرین کو اپنے موقف کی طاقت دکھانا ضروری ہے، ورنہ احتجاج بے معنی اور غیر مؤثر ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا اگر آپ نے نمبر شو نہیں کیے تو حریف بھی یہ سمجھ لیتا ہے کہ احتجاج کا کوئی اثر نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے آج تک تحریک انصاف کا اتنا بیکار اور فارغ احتجاج نہیں دیکھا۔ منصور علی خان کے مطابق موجودہ احتجاج نہ صرف غیر مؤثر ہے بلکہ اس سے پارٹی کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ریلی کے اختتام پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور غائب، کارکنوں کا غصہ پھوٹ پڑا
منصور علی خان نے احتجاج کو اسٹبلشمنٹ کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کا اصل مقصد حکومتی اور اسٹبلشمنٹ کی پالیسیوں پر دباو ڈالنا ہوتا ہے، مگر جب مظاہرے بے معنی اور غیر منظم ہوں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج صرف جذباتی عمل نہیں بلکہ ایک سنجیدہ حکمت عملی کا حصہ ہوتا ہے، جس میں منصوبہ بندی اور مضبوط تعداد کا ہونا ضروری ہے۔