کراچی: پاکستان میں گوشت کی صنعت سے وابستہ مقامی کمپنی دی آرگینک میٹ کمپنی نے ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، جس کے تحت وہ پہلی بار متحدہ عرب امارات کو براہ راست گوشت برآمد کرے گی۔
اس پیش رفت سے متعلق کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو رسمی طور پر خط لکھ کر آگاہ کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے متحدہ عرب امارات کے نمایاں کاروباری گروپ ماجد الفطیم کے ساتھ کام کرنے کی منظوری حاصل ہوئی ہے۔
خط میں بتایا گیا کہ کمپنی نے آپریشنل ایکسیلینس آڈٹ میں 94.89 فی صد اسکور حاصل کیا، جس کے بعد اسے کیئر فور سپر مارکیٹ چین کے لیے باقاعدہ سپلائر کی حیثیت سے تسلیم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نیپرا نے بجلی سستی کرنے کی منظوری دیدی، صارفین کو 55 ارب سے زائد کا ریلیف ملنے کا امکان
پاکستان کی کسی بھی گوشت فراہم کرنے والی کمپنی کو یہ پہلا موقع ملا ہے کہ وہ یو اے ای کی مارکیٹ میں براہ راست اپنی مصنوعات برآمد کر سکے جو ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔





