پاکستان تحریک انصاف چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن بینچز سے ہٹانے کے فیصلے کو غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم اپنی جگہ خالی نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی دباؤ میں آئیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایسی ہی کارروائی سینیٹ میں بھی کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جو کہ ایک منظم سازش کا حصہ معلوم ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ سب اقدامات آئین کے خلاف ہیں اور پی ٹی آئی ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی، عمر ایوب ان فیصلوں کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے بھی اس معاملے پر مزید کارروائی سے روک دیا تھا مگر حکومت ہمیشہ ہمارے خلاف جلد بازی میں اقدامات کرتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے سپیکر کے اقدامات کو جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے حکومت اتنی جلدی اور اتنی زیادتی نہ کرے، پہلے ہمارا مینڈیٹ چھینا اب ہمارے چیمبر لے رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پارٹی نے تاحال اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے کوئی حتمی مشاورت نہیں کی، اور فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی کہ کس کو اپوزیشن لیڈر بنانا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کا حصہ ہے اور آئینی طریقہ کار کے مطابق اپنا کردار ادا کر رہی ہے، ہم اپوزیشن کا کردار کسی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمانی محاذ پر پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، تین بڑے عہدے واپس لے لیے گئے
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ 14 اگست کو پی ٹی آئی یومِ آزادی کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ احتجاج بھی کرے گی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔





