ترکی : ترکی کے مغربی صوبے بالیق اسیر میں پیر کے روز صبح شدید زلزلے نے تباہی مچا دی۔
جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد 4.6 اور 4.1 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے استنبول سمیت 11 صوبوں میں محسوس کیے گئے، جبکہ اس کا مرکز ضلع سندرگی (Sındırgı) میں واقع تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث 10 سے زائد عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں، تاہم جانی نقصان کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ ادارے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں اور سروے کا عمل جاری ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کا اندازہ لگایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کر رہی ہے اور عوام کی سلامتی کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جائے گا۔
ریسکیو اہلکاروں اور ایمرجنسی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔





