خیبرپختونخوا سے منتخب 5 آزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت، پارٹی پوزیشن مستحکم

پی ٹی آئی کا 9 مئی مقدمات کے فیصلوں پر شدید ردعمل، عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 9 مئی کے مقدمات میں سنائے گئے فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے انصاف اور قانون کے چہرے پر طمانچہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے نہ صرف قانونی تقاضوں، بلکہ منصفانہ ٹرائل کے تمام اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے محض سیاسی انتقام کی بنیاد پر سنائے گئے ہیں۔ مقدمات میں شفافیت کا فقدان تھا اور ملزمان کو مناسب دفاع کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔

شیخ وقاص اکرم کے مطابق قانونی تقاضے پورے کیے بغیر رات گئے بند کمروں میں ٹرائل کیے گئے تاکہ کارروائی کو عوام اور میڈیا کی نظروں سے دور رکھا جا سکے۔ ایک منظم منصوبے کے تحت ناقابل اعتبار شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر فیصلے دیے گئے، جو انصاف کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے پرامن اور قانون کا احترام کرنے والے رہنماؤں پر دہشتگردی جیسے سنگین الزامات لگانا نہ صرف آئین بلکہ انصاف کے نظام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ یکے بعد دیگرے سنائے گئے یہ فیصلے ظاہر کرتے ہیں کہ مقصد صرف تحریک انصاف کو دباؤ میں لانا اور اس کی قیادت و کارکنوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کی طرف سے ایک ہی طرز پر سنائے گئے متنازعہ فیصلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ عدالتی نظام مکمل طور پر کمزور ہو چکا ہے، لیکن یہ فیصلے تحریک انصاف کو اپنے آئینی و جمہوری حقوق کی جدوجہد سے روک نہیں سکتے۔

شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ تحریک انصاف ان تمام فیصلوں کو ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی اور آخری حد تک انصاف کے لیے قانونی جنگ جاری رکھے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انصاف کی روح کو بحال کیا جائے اور سیاسی بنیادوں پر قائم تمام مقدمات کو ختم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، پشاور سرفہرست، بنوں دوسرے نمبر پر

ترجمان کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنے بے گناہ قائدین اور کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے ہر قانونی و جمہوری راستہ اپنایا جائے گا۔ تحریک انصاف ان فیصلوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اپنی سیاسی، عوامی اور قانونی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

Scroll to Top