نوشہرہ: پیرپیائی میں واپڈا کے خلاف احتجاج، جی ٹی روڈ بند،جھڑپوں میں متعدد زخمی و گرفتار

نوشہرہ (فضل نبی)نوشہرہ کے علاقے پیرپیائی میں واپڈا حکام کو عوام کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین نے سڑکوں پر نکل کر نعرے بازی کی اور مطالبات کی منظوری تک جی ٹی روڈ کھولنے سے انکار کر دیا۔احتجاجی مظاہرے کے دوران مذاکرات کی کوششیں کی گئیں، تاہم کوئی تسلی بخش پیش رفت نہ ہو سکی، جس کے بعد عوام مشتعل ہو گئے۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور شیلنگ کا استعمال کیا۔ مقامی شہریوں نے پولیس پر لاٹھی چارج کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کارروائی کے دوران اضاخیل سے تعلق رکھنے والے عزیر سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پولیس کا مؤقف ہے کہ مظاہرین نے پتھراؤ کیاجس کے نتیجے میں پولیس اہلکار عدنان شدید زخمی ہو گیا۔

صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے جماعت اسلامی نوشہرہ کے ضلعی نائب امیر ارشد انور، اے این پی کے رہنما عرفان غفور سمیت دو درجن افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ،تحصیل سلارزئی کے اقوام کا جرگہ میں اہم اعلان

مقامی لوگوں نے واپڈا اور پولیس حکام کے نامناسب رویے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو وہ دوبارہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔

Scroll to Top