جس جماعت کا لیڈر ایمل ولی خان ہووہ آج ہمیں انقلاب کی باتیں سناتا ہے،محمد سہیل آفریدی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سی این ڈبلیو محمد سہیل آفریدی نے کہاکہ سابق فاٹا میں جس کی وجہ سے دہشتگردی واپس آئی ہے ان کا نام پی ٹی آئی کے علاؤہ کوئی نہیں لیتا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ صرف پاکستان تحریکِ انصاف ہی ہے جو اصل محرکات کی نشاندہی کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نشتر ہال میں عوامی نیشنل پارٹی نے کہا تھا کہ ہم فوجی آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔ اس کے برعکس، بانی پی ٹی آئی، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور عمر ایوب نے برملا اظہار کیا کہ ہم آپریشن کے خلاف ہیں۔

سہیل آفریدی نے شکایت کی کہ پنجاب اسمبلی، قومی اسمبلی میں ہمارے لیڈران اور اراکین کو بات کی اجازت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے ماضی کی صورتِ حال یاد دلاتے ہوئے کہا کہ 2008 سے 2013 تک ہم نے اس صوبے کے حالات دیکھے ہیں، اور اس دوران پی ٹی آئی اقتدار میں نہیں تھی۔بشیر بلور، میاں افتخار حسین کے بیٹے ہمارے حکومت میں نہیں بلکہ عوامی نیشنل پارٹی کے دور میں شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس کا لیڈر ایمل ولی خان ہو، وہ آج ہم کو انقلاب کی باتیں کرتا ہے،جب صوبے میں حالات خراب ہو رہے تھے تب ایمل ولی خان پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے سینیٹر کی تیاری کر رہا تھا۔

سہیل آفریدی کے مطابق وفاقی وزیر طلال چوہدری نے اسمبلی میں کہا کہ کسی کا باپ بھی آپریشن نہیں روک سکتا، لندن پلان میں یہ فیصلہ بھی ہوا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن کو خراب کرنا بھی شامل ہے،یہ بند کمرے کے فیصلے ہیں، ایک بار پھر پختون قوم کے سر کا سودا ہوا ہے۔

Scroll to Top