ایک لاکھ لیپ ٹاپ ،نوجوانوں کیلئے بڑی خبرآگئی

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب میں ملک کے ہونہار طلبہ و طالبات کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپس کی یہ تقسیم ملک بھر میں کی جائے گی، جس میں چاروں صوبے، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر شامل ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اسکیم سابقہ قرض پر مبنی لیپ ٹاپ منصوبے سے الگ ہوگی۔

شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی ترقی نوجوانوں کی تعلیمی اور تکنیکی تربیت سے مشروط ہے اور موجودہ حکومت میرٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی تاکہ قابل نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع مل سکیں۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ملکی دفاع کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ 6 سے 10 مئی تک ہونے والے دفاعی اقدامات میں پاکستان کی افواج نے دشمن کو واضح پیغام دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان چند دنوں میں پاک فضائیہ نے شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے چھ طیارے، جن میں چار رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے، اور بھارت کا تکبر خاک میں ملا دیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دشمن ذہن میں رکھے پاکستان کے پانی کی ایک بوند بھی چھین نہیں سکتے، دشمن نے ایسی حرکت کی تو اسے ایسا سبق سکھایا جائے گا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں تعلیمی مواقع بڑھانے کے لیے نئی پالیسی، اساتذہ کی عارضی بھرتیاں شروع

ان کا کہنا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے پانی کا حق چھیننے کا مجاز نہیں اور ایسی کسی کوشش کو ہر سطح پر روکا جائے گا۔

Scroll to Top