پشاور(شاہد جان )خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ ہفتے وقفے وقفے سے تیز بارشوں کا امکان ہےجس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعدد احتیاطی تدابیر جاری کر دی ہیں۔
چترال اپر و لوئر، دیر، سوات اور کوہستان اپر کے علاقوں میں تیز اور مسلسل بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پھٹنے کا خطرہ موجود ہےجہاں عوام کو خبردار رہنے کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بارشوں کی وجہ سے متعلقہ اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے اس لیے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی، بروقت وارننگ اور انخلاء کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
عوام کو ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں لے جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے مقامات تیار رکھے گئے ہیں جبکہ ہنگامی سامان اور ریسکیو سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
سیاحوں کو ممکنہ صورتحال میں خبردار رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اورسڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو کو بھی الرٹ رہ کر پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو کہا ہے کہ کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری اور ہنگامی کارروائی کی جائے۔ عام عوام کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات سے آگاہی دی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان لوئر، وانا میں قبائلی رہنما اغوا
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع اور معلومات کے لیے فون نمبر 1700 پر رابطہ کریں۔





