خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس، ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

خیبرپختونخوا حکومت نے کابینہ کے 26ویں اجلاس میں اپلفٹ فنڈز کی منظوری دے دی

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ کا 36 واں اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبے، قانون سازی اور فلاحی اقدامات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں کابینہ ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کو غیر مستحکم کرنے والی ریاست دشمن سرگرمیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی ہرگز قابلِ قبول نہیں، کیونکہ اس سے تمام شہری متاثر ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے جرگوں کے قیام جیسے اقدامات کیے ہیں تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

علی امین گنڈا پور نے واضح کیا کہ آپریشنز اور جبری نقل مکانی صوبائی حکومت کی پالیسی نہیں ہے۔ باجوڑ کی حالیہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں جبکہ مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

کابینہ نے متعدد محکموں میں نئی آسامیاں پیدا کرنے، زرعی خدمات کو مستحکم بنانے، اور تعلیم، سیاحت، انسداد بدعنوانی، کھیل، اور نوجوانوں کے شعبوں میں اہم فیصلوں کی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں 24 افسران کے تقرری و تبادلے

انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (IMSciences) کے لیے زمین کی خریداری، اور ہزارہ ڈویژن میں سیاحتی علاقوں تک سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کی لاگت میں اضافہ بھی شامل ہے۔

اجلاس میں کالاش کمیونٹی کے لیے 100 ملین روپے کے انڈومنٹ فنڈ کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد ان کے ثقافتی اور مذہبی ورثے کا تحفظ ہے۔ ساتھ ہی مغربی پاکستان مساجد و شرائنز فنڈ سیس ایکٹ 2025 اور دیگر ترمیمی قوانین کو بھی منظوری دے کر صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے باجوڑ میں عارضی طور پر بے گھر افراد کے لیے سپورٹس کمپلیکس میں کیمپ کے قیام کی منظوری دی اور PDMA کو فوری فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

تیراہ واقعہ کے متاثرین کے لیے خصوصی مالی معاونت کا اعلان بھی کیا گیا جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ اور زخمیوں کو 2.5 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔

ویلج کونسلز میں صفائی پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جو ایک سال بعد خود انحصار ماڈل کے تحت چلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، لوئر تناول بیئر ویلی کو کمیونٹی مینیجڈ گیم ریزرو قرار دیا گیا تاکہ جنگلی حیات کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔

کابینہ نے خیبرپختونخوا میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز اپیلٹ ٹریبونل کے دو ممبران کو بدانتظامی کے الزام میں ہٹانے کی منظوری دی، جو کہ احتساب کے عزم کا واضح اظہار ہے۔

Scroll to Top