پختونخوا کابینہ نے باجوڑ کے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کی منظوری دے دی

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ نے ضلع باجوڑ میں جاری دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں سے متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

پیکج کے تحت نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو ابتدائی طور پر 50 ہزار روپے جبکہ ٹارگٹڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید 25 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔

صوبائی حکومت کے مطابق یہ رقم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) کے ذریعے متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جائے گی، جبکہ متاثرین کی درست شناخت اور شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر باجوڑ کو رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں، جس کے باعث ڈمہ ڈولہ، انعام خورو، چینہ گئی اور چوہترہ سمیت مختلف علاقوں سے شہریوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت نے کابینہ کے 26ویں اجلاس میں اپلفٹ فنڈز کی منظوری دے دی

ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کے لیے سرکاری اسکولوں میں عارضی قیام کے انتظامات کیے ہیں، جب کہ بعض علاقوں میں عارضی کیمپ بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سعید اللہ جان کے مطابق اب تک 20 ہزار سے زائد خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں، جن میں سے اکثریت اپنے رشتہ داروں یا قریبی عزیزوں کے گھروں میں پناہ لیے ہوئے ہے۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ان کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Scroll to Top