دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جولائی 2025 کے لیے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کر دیا ہے، اور اس بار یہ اعزاز بھارتی کپتان شبمن گل کے نام رہا۔
25 سالہ شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچز میں 754 رنز اسکور کیے، جن میں ایک ڈبل سنچری اور دو سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی اوسط 75 رنز فی اننگ رہی، جو کسی بھی بیٹر کے لیے نمایاں کارکردگی ہے۔
ایجبسٹن ٹیسٹ میں ان کی 269 اور 161 رنز کی اننگز نہ صرف ذاتی سنگ میل ثابت ہوئیں بلکہ بھارت کو 336 رنز سے تاریخی فتح دلانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
شبمن گل انگلینڈ میں ٹیسٹ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بھارتی کپتان بن گئے ہیں، جبکہ بیرون ملک یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے بھارتی کپتان ہیں۔ انہوں نے سنیل گواسکر اور سچن ٹنڈولکر کے متعدد ریکارڈز بھی پیچھے چھوڑ دیے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شبمن گل کو یہ اعزاز بین اسٹوکس (انگلینڈ) اور ویان ملڈر (جنوبی افریقہ) کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھانے پر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے کر 34 سال بعد ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی
اس ایوارڈ کے بعد شبمن گل چار مرتبہ پلیئر آف دی منتھ جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اپنے ردعمل میں گل نے کہا کہ یہ اعزاز میرے کیریئر میں ایک اہم سنگ میل ہے، خاص طور پر بطور کپتان۔ یہ میرے لیے ایک اعزاز اور ذمہ داری ہے۔





