گنڈا پور کی حکومت گرانے کا ارادہ نہیں، اختیار ولی خان

پاکستان آج محفوظ ہاتھوں میں ہے، ملک ایشیا کا ٹائیگر بننے جا رہا ہے، اختیار ولی خان

نوشہرہ: وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر اطلاعات برائے خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے یومِ آزادی کے موقع پر ایک جوشیلی ریلی کی قیادت کی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کوآرڈینیٹر اطلاعات ِ وزیراعظم موٹر سائیکل پر سوار ہوکر ریلی کی قیادت کرتے ہوئے شرکاء کے درمیان پہنچے اور ان کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ پاکستان آج محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف، قائد محمد نواز شریف، اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت نے ملک کو معاشی اور دفاعی طور پر مستحکم کر دیا ہے۔ پاکستان اب ایشیا کا ٹائیگر بننے کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے بھارت کو دیے گئے حالیہ جواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو ایسا کرارا جواب دیا کہ وہ دنیا بھر میں رسوا ہوا، اور بھارت کے پانچ طیارے گرانا ہماری عسکری صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جشنِ آزادی: 12 بجے کی خوشی، لمحوں میں اُداسی میں بدل گئی ،خوشیاں اسپتالوں تک جا پہنچیں

اختیار ولی نے ان عناصر پر بھی تنقید کی جو پاکستان کو بدحالی کی طرف جاتا ہوا دکھانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہاجو لوگ پاکستان کو سری لنکا بنانے کے خواب دیکھ رہے تھے، اُن کے لیے پیغام ہے کہ آج ملک میں دوبارہ معاشی استحکام آ چکا ہے۔

ریلی میں شریک شہریوں نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ فضا حب الوطنی کے جوش سے گونج رہی تھی، جبکہ ریلی کے شرکاء نے اختیار ولی کے عزم اور قیادت کو خوب سراہا۔

Scroll to Top