اسلام آباد: ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پٹرولیم انڈسٹری نے نئی قیمتوں کے حوالے سے اپنی ورکنگ مکمل کر لی ہے، جس کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی جبکہ پٹرول کی قیمت میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم انڈسٹری نے ڈیزل کی قیمت 11 روپے 75 پیسے فی لیٹر کم کرنے کی سفارش کی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی ممکنہ قیمت 285.83 روپے سے کم ہو کر 274.08 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔
اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 1 روپیہ 32 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی ممکنہ نئی قیمت 264.61 روپے سے بڑھ کر 265.93 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 25 پیسے کمی متوقع ہے، جس کے بعد نئی قیمت 179.21 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 7 روپے 11 پیسے کمی کے بعد 163.25 روپے فی لیٹر ہونے کی توقع ہے۔
اوگرا نئی قیمتوں کی ورکنگ 15 اگست کو وفاقی حکومت کو ارسال کرے گا، جس کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، اور یہ قیمتیں 16 اگست سے نافذ العمل ہوں گی۔