خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر ضلع مہمند میں گر کر تباہ، 5 افراد شہید

خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر ضلع مہمند میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد کے شہید ہوگئے ہیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق باجوڑ کے علاقے سالارزئی کیلئے امدادی سامان لے جانے والے صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے ضلع مہمند کی فضائی حدود میں جانے کے بعد ہیلی کاپٹر سے رابطہ نہیں ہو پا رہاہے۔

مقامی زرائع کے مطابق تحصیل پنڈیالے ضلع مہمند کے علاقے سوکئی کے پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔

سرکاری حکام نے بھی ہیلی کاپٹر کریش کی تصدیق کردی ہے اور کہا گیا ہے کہ حادثے میں پانچ افراد شہید ہوگئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں ہیں۔

Scroll to Top