لاہور :پنجاب حکومت نے ویٹرنری گریجویٹس اور پیرا ویٹس کے لیے ایک منفرد اور اولین انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کرنا اور صوبے میں لائیواسٹاک شعبے کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
اس پروگرام کے لیے حکومت نے 60 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جس کے تحت ایک ہزار امیدواروں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔
پروگرام میں شامل ویٹرنری گریجویٹس کو ہر ماہ 60 ہزار روپے جبکہ پیرا ویٹس اور معاون لائیواسٹاک کارکنان کو 40 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
پروگرام میں دو سالہ لائیواسٹاک اسسٹنٹ ڈپلومہ (LAD) مکمل کرنے والے نوجوان بھی شرکت کے اہل ہوں گے جس سے فیلڈ میں نئے ماہرین کی شمولیت ممکن بنائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد صرف نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا نہیںبلکہ لائیواسٹاک فارمرز تک معیاری سروسز کی رسائی کو آسان بنانا بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ اقدام صوبے میں دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی مددگار ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ دیہی علاقوں میں لائیواسٹاک خدمات کو عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گا تاکہ چھوٹے فارمرز بھی جدید مشاورت اور علاج معالجے سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کو لائیواسٹاک اور ڈیری کا مرکز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،ہم ماضی میں بھی فارمرز کے ساتھ کھڑے تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔





