کراچی: ساگزار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ (SAZEW) نے طویل انتظار کے بعد جدید ہائبرڈ SUV، ہیول H6 PHEV کو پاکستان کی مارکیٹ میں متعارف کرا دیا ہے۔
کمپنی نے اگست کے وسط میں اس گاڑی کی آمد کا اعلان کیا تھا جو اب حقیقت بن چکی ہے۔
ہیول H6 PHEV کی ایکس فیکٹری قیمت تقریباً 1 کروڑ 29 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ دلچسپی رکھنے والے افراد 24 لاکھ روپے کی پیشگی ادائیگی کے ذریعے اپنی بکنگ کرا سکتے ہیں۔
یہ گاڑی جدید ہائبرڈ انجن کے ساتھ آتی ہے جو 360 ہارس پاور اور 760 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتا ہے۔ اس میں 55 لیٹر کا ایندھن ٹینک اور لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری استعمال کی گئی ہے، جو ایندھن کی بچت اور ماحول دوست ڈرائیونگ کو ممکن بناتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ جلد ہی بکنگ کے بعد گاڑیوں کی ڈیلیوری کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔
ہیول H6 PHEV اپنی جدید ٹیکنالوجی، اعلیٰ کارکردگی اور فیول ایفیشنسی کی وجہ سے صارفین میں ایک پسندیدہ انتخاب بننے جا رہی ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو ماحول دوست اور ٹیکنالوجی سے بھرپور گاڑی چاہتے ہیں۔