حکومت پاکستان نے ملک میں مقیم افغان شہریوں کے انخلا کے لیے 1 ستمبر 2025 کی حتمی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت پی او آر اور افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افغان باشندوں کو بھی ملک چھوڑنا ہوگا، جبکہ اب انخلاء میں صرف15دن باقی رہ گئے ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ اقدام ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد کو قابو میں لانے اور قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے اندراج کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام افغان شہریوں اور حتیٰ کہ وہ افراد جن کے پاس عارضی دستاویزات (جیسے پی او آر یا افغان سٹیزن کارڈ) موجود ہیں، انہیں رضاکارانہ بنیادوں پر واپس جانا ہوگا۔
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ انخلاء کے عمل کے دوران زبردستی یا بدسلوکی سے مکمل طور پر گریز کیا جائے گا، جبکہ واپس جانے والے افراد کے لیے خوراک، طبی امداد اور بنیادی سہولیات کا بھی انتظام کر لیا گیا ہے تاکہ واپسی کا عمل باعزت اور محفوظ طریقے سے مکمل ہو۔
حکام نے افغان باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے واپسی کے انتظامات مکمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں غیر قانونی مہاجرین کے باعث سیکیورٹی، وسائل اور سماجی نظام پر دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔