وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقے بونیر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بونیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس بونیر میں سیلابی صورتِ حال پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی، چیف سیکریٹری، ضلعی حکام اور ریسکیو اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق بونیر کی 7 ولیج کونسلوں میں اب تک5380 مکانات کو نقصان پہنچا ہے209 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں134 افراد لاپتا ہیںجبکہ 159 شہری زخمی ہوئے ہیں
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کے مشکور ہیں، جنہوں نے بونیر کے عوام کا مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا۔
متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو خوراک، شیلٹر اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا عمل بھی تیزی سے شروع کیا جا رہا ہے۔