مہمند میں حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا

مہمند میں حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا

خیبرپختونخوا میں حادثے کا شکار ہونے والے سرکاری ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس برآمد کر لیا گیا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق بلیک باکس جائے حادثہ سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر ملا جسے مقامی پولیس نے فوری طور پر متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم جائے وقوعہ پر گزشتہ کئی گھنٹوں سے موجود ہے اور تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔

ٹیم نے گزشتہ روز بھی مہمند کے علاقے سے تصاویر اور فوٹیجز جمع کیں جنہیں تجزیے کے لیے متعلقہ اداروں کو بھیجا گیا ہے۔

تحقیقات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی جائے حادثہ پر تعینات ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر ضلع مہمند میں گر کر تباہ، 5 افراد شہید

جمعے کے روز  ہیلی کاپٹر پشاور سے باجوڑ اور بونیر کی جانب جا رہا تھا راستے میں ضم ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالئی کے پہاڑی علاقے میں خراب موسم کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گیا، حادثے میں ہیلی کاپٹر کے دو پائلٹس سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے تھے۔

Scroll to Top