کرپشن نہیں ہونی چاہیے، سیلاب متاثرین کا پیسہ انہی پر خرچ کیا جائے، امیر جماعت اسلامی

کرپشن نہیں ہونی چاہیے، سیلاب متاثرین کا پیسہ انہی پر خرچ کیا جائے، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے نام پر کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور جو لوگ سیلاب زدگان کے نام پر مال بنا رہے ہیں حکومت ان کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

چکدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد میں سستی یا غفلت کا مظاہرہ کیا تو جماعت اسلامی بھرپور احتجاج کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے کام جاری ہیں اور ایک ایک متاثرہ فرد تک امداد پہنچائی جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب زدگان کی امداد میں پیش پیش ہے اور اب تک 21 ٹرکوں پر مشتمل سامان، جس کی مالیت تقریباً دس کروڑ روپے ہے، بونیر اور باجوڑ پہنچایا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی کوئی آفت آتی ہے، الخدمت فاؤنڈیشن کے لاکھوں رضاکار خدمت کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت سیاسی لڑائیاں چھوڑ کر سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دے اور اگر حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی تو جماعت اسلامی عوام کو ساتھ لے کر سڑکوں پر آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے تاکہ امداد شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچائی جا سکے اور جماعت اسلامی اس حوالے سے حکومت سے بھی بھرپور مدد لینے کی کوشش کرے گی۔

Scroll to Top