متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستان کی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے، محمد رضوان اور بابر اعظم کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
شارجہ میں 29 اگست سے 7 ستمبر تک پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان ٹرائی سیریز کا انعقاد ہوگا، ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر ابو ظہبی اور دبئی میں کھیلا جائے گا۔
ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کو دی گئی ہے جو 17 رکنی اسکواڈ کے کپتان رہیں گے، ٹیم میں فخر زمان، شاہین شاہ، حارث رؤف، صائم ایوب، خوشدل شاہ، حسین طلعت ٹیم میں شامل ہیں۔
محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث، ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان شاہینز کی حالیہ کارکردگی بہت حوصلہ افزا ہے اور ٹیم ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محمد حارث کی گزشتہ تین سیریز میں کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے تمام کھلاڑیوں کے لیے مواقع موجود ہیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان آخری مرتبہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل تھے اور اس وقت ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے دیگر بہترین کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق آسٹریلوی کپتان اور کوچ باب سمپسن 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
مائیک ہیسن نے بھی کہا کہ اگرچہ بابر اعظم نے پہلے میچ میں شاندار کھیل پیش کیا مگر آخری دو میچز میں ان کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی اس لیے تین میچز کی سیریز کے بعد ان کی پرفارمنس پر سوالات اٹھانا مناسب نہیں۔





