اسلام آباد: وفاقی وزارت صحت نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ضروری ادویات اور ویکسین کی پہلی کھیپ متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دی ہے۔
ترجمان وزارت کے مطابق بھیجی گئی امداد میں پینٹاویلنٹ ویکسین کی 2,50,000 خوراکیں، خسرہ اور روبیلا ویکسین کی 1,50,000 خوراکیں، 2,91,500 سرنجیں، 3,000 سیفٹی باکسز، ملیریا ریپڈ ٹیسٹ کٹس 30,000، پرائموکوئین گولیاں 60,000 اور 10,000 مچھر دانیاں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وزارت صحت متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد کی فراہمی کے لیے خیبرپختونخوا کے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے تمام طبی ادارے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہم خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انہیں اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔





