خیبر پختونخوا حکومت نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کے پیکیج میں دو گنا اضافہ کر دیا ہے، اور چیکس کی تقسیم کا عمل آج سے باضابطہ طور پر شروع ہو رہا ہے۔یہ اعلان مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے ایک بیان میں کیا۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر سیلاب میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے اہل خانہ کو دیے جانے والے معاوضے کو 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ معاوضوں کی فوری اور شفاف ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متاثرہ اضلاع کو مجموعی طور پر 85 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے گزشتہ روز سوات میں چیکس تقسیم کیے، اور اب یہ عمل دیگر اضلاع میں بھی آج سے شروع ہو جائے گا۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ندی نالوں سے دور رہیں اور محکمہ موسمیات و مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔