انسداد دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ میں شریک تین ملزمان کو چار، چار ماہ قید کی سزا سنادی۔
فیصلہ اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کی بنیاد پر سنایا۔عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان نے اپنے وکلاء کی موجودگی میں اقبالِ جرم کیا اور عدالت سے معافی کی درخواست کی۔ جس کے بعد عدالت نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ سنایا۔
ملزمان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے اکسانے پر احتجاج میں شریک ہوئے تھے اور انہیں اپنے کیے پر نادم ہیں۔ عدالت نے اس اعتراف کو مدنظر رکھتے ہوئے سزائیں سنائیں۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں ان پر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
26 نومبر کو اسلام آباد کی جانب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور جھڑپیں ہوئیں تھیں، جن میں املاک کو نقصان اور امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی۔اسی تناظر میں متعدد مقدمات درج کیے گئے جن کی سماعت مختلف عدالتوں میں جاری ہے۔