خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں واقع دالوڑی گاؤں میں اچانک کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید تباہی ہوئی ہے۔ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللّٰہ خان کے مطابق، قدرتی آفت سے متعدد مکانات زیر آب آگئے جبکہ 15 کے قریب افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والا ریلا انتہائی شدید اور تیز بہاؤ کا حامل تھا، جس نے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔
مزید بتایا گیا کہ پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی رپورٹ ہوئی ہے جس سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو چکی ہیں، جبکہ ہری پور اور مردان سے بھی اضافی ریسکیو ٹیمیں طلب کی گئی ہیں تاکہ لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرین کی مدد جلد ممکن بنائی جا سکے۔علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور مقامی آبادی کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ جیسے واقعات کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس کے پیشِ نظر انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔