باجوڑ: سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم

محمد عباس
خار:باجوڑ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین میں حکومت کی جانب سے مالی امداد کے چیکس تقسیم کر دیے گئے۔

تحصیل سالارزئی، جبراڑئی اور آدم شاہ گئی کے علاقوں میں بادل پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

صوبائی حکومت نے ان جان لیوا واقعات کے بعد متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کے لیے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے چیکس تقسیم کیے۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے مطابق 21 جاں بحق افراد کے ورثاء کو 20،20 لاکھ روپے مالیت کے چیکس حوالے کر دیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جن افراد کے مکانات سیلاب سے متاثر ہوئے، ان کے لیے 2 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے چیکس جاری کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ زخمی افراد کو بھی جلد ہی مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی زندگی کے معمولات دوبارہ بحال کر سکیں۔

ضلعی انتظامیہ نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Scroll to Top